سُوْرَةُ الطور

سورۃ الطور · 49 آیات · 2 رکوع

تعارفِ سورت

یہ قرآن مجید کی باونویں سورت ہے؛ اِس میں اُنچاس آیتیں اور دو رکوع ہیں، اور یہ مکی سورت ہے۔ «طُور» اُس پہاڑ کا نام ہے جس پر اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام سے کلام فرمایا؛ سورت کی ابتدا ہی میں اِس پہاڑ کی قسم کھائی گئی ہے، اِسی مناسبت سے اِس کا نام «الطور» ہے۔ «طُور» اُس پہاڑ کو کہتے ہیں جس پر درخت ہوں، اور جس پہاڑ پر درخت نہ ہوں اُسے «جَبَل» کہا جاتا ہے۔ یہ اُن سورتوں میں سے ہے جنہیں نبی ﷺ نمازوں میں تلاوت فرمایا کرتے تھے۔ حضرت جُبیر بن مُطعم رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نے نبی ﷺ کو مغرب کی نماز میں سورۂ طور پڑھتے سنا (بخاری: ۴۸۵۴)۔ حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا بیمار تھیں تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ لوگوں کے پیچھے سے سوار ہو کر طواف کر لو؛ وہ فرماتی ہیں: میں نے طواف کیا اور رسول اللہ ﷺ بیت اللہ کے پہلو میں نماز پڑھ رہے تھے اور «وَالطُّوْرِ وَكِتٰبٍ مَّسْطُوْرٍ» تلاوت فرما رہے تھے (بخاری: ۴۸۵۳)۔ حضرت جُبیر بن مُطعم بدر کے قیدیوں کے فدیے کی بات کرنے مدینہ آئے تھے اور ابھی مشرک تھے؛ اِسی سورت کی آیات سن کر اُن کے دل میں ایمان کا بیج پڑا اور بعد میں وہ مسلمان ہو گئے۔ سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ جھٹلانے والوں کے شبہات کو دلیلوں سے توڑا جائے، تاکہ وہ حق کو ماننے پر مجبور ہوں۔ پانچ چیزوں کی قسم کھا کر بتایا گیا کہ اللہ کا عذاب ضرور آ کر رہے گا؛ پھر قیامت کا ہولناک منظر، جھٹلانے والوں کا جہنم کی طرف دھکیلا جانا، اور اِس کے مقابلے میں پرہیزگاروں کی جنت کی نعمتیں بیان ہوئیں، جن میں یہ خاص بشارت بھی ہے کہ مومنوں کی اولاد کو اُن کے درجے میں ملا دیا جائے گا۔ دوسرے رکوع میں کافروں کے اعتراضات (کاہن، دیوانہ، شاعر، قرآن گھڑ لینا) کا جواب پے در پے سوالوں کی صورت میں دیا گیا، اور آخر میں نبی ﷺ کو صبر اور تسبیح کی تلقین کی گئی۔

یہ سبق کورس میں شامل ہے

«قرآن مجید کا ترجمہ» کے شروع کے سبق سب کے لیے مفت ہیں۔ آگے پڑھنے کے لیے کورس میں داخلہ لیں، صرف ₹780۔
داخلہ پہلے لے چکے ہیں تو لاگ ان کریں، سبق خود کھل جائے گا۔

ہمیں فالو کریں
YouTubeFacebookInstagramWhatsApp
دینی علم کا سفر آج سے شروع کریںممبر بنیں