سورۃ المائدہ · 120 آیات · 16 رکوع
یہ قرآن مجید کی پانچویں سورت ہے؛ اِس میں ایک سو بیس آیتیں اور سولہ رکوع ہیں۔ اِس کی بعض آیتیں مکہ مکرمہ میں حجۃ الوداع کے موقع پر اُتریں، لیکن اہلِ علم کی اصطلاح میں ہجرت کے بعد نازل ہونے والی ہر آیت «مدنی» کہلاتی ہے، اِس لیے یہ پوری سورت مدنی ہے۔ حضرت عبد اللہ بن عمرو رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ نازل ہونے والی آخری سورتوں میں سورۃ المائدہ ہے (ترمذی: ۳۰۶۳)، اِس لیے اِس کے حلال کو حلال اور حرام کو حرام سمجھنا چاہیے۔ «مائدہ» کے معنی دسترخوان کے ہیں۔ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حواریوں نے اپنے اطمینانِ قلب کے لیے درخواست کی تھی کہ آسمان سے کھانے کا دسترخوان اُتارا جائے؛ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے دعا کی اور اللہ نے اُسے قبول فرمایا۔ اِس سورت کے آخر میں (آیات ۱۱۲ تا ۱۱۵) یہ واقعہ آیا ہے، اسی نسبت سے اِس کا نام «المائدہ» رکھا گیا۔ اِس سورت کی سب سے اہم آیت «اَلْيَوْمَ اَكْمَلْتُ لَكُمْ دِيْنَكُمْ» ہے، جس میں اعلان ہے کہ دین مکمل ہو گیا، یہ امت آخری امت ہے، قرآن آخری کتاب ہے اور حضرت محمد ﷺ کی نبوت ساری دنیا اور ہمیشہ کے لیے ہے۔ سورۃ النساء کی طرح اِس میں بھی بہت سے فقہی احکام ہیں: عہد پورا کرنا، حلال و حرام جانور، شکار، احرام، اہلِ کتاب کا ذبیحہ اور اُن کی عورتوں سے نکاح، وضو، غسل اور تیمم، چوری اور ڈاکے کی سزا، شراب اور جوے کی حرمت، قسم کا کفارہ اور وصیت پر گواہی۔ تین بڑے واقعات بھی ہیں: حضرت موسیٰ علیہ السلام کے ساتھ بنی اسرائیل کا رویہ، حضرت آدم علیہ السلام کے دو بیٹوں کا قصہ جس میں زمین پر پہلا قتل ہوا، اور مائدہ کا واقعہ۔
«قرآن مجید کا ترجمہ» کے شروع کے سبق سب کے لیے مفت ہیں۔ آگے پڑھنے کے لیے کورس میں داخلہ لیں، صرف ₹780۔
داخلہ پہلے لے چکے ہیں تو لاگ ان کریں، سبق خود کھل جائے گا۔